سرینگر،6؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اننت ناگ ضلع میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تازہ فائرنگ میں آج ایک نوجوان کی موت ہونے سے کشمیر میں موجودہ بدامنی کے دوران مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 73ہو گئی اور مسلسل 60ویں دن معمولات زندگی مفلوج رہی۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے سیر حمدان علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں مظاہرین کو ہٹانے کے لئے کارروائی کی جس میں نصیر احمد میر کی موت ہو گئی اور ایک خاتون سمیت کئی دیگر افراد زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی خاتون کو یہاں ایک ہسپتال میں ریفر کیا گیا ہے،اس کی حالت تشویش ناک ہے۔اس سے پہلے اتوار کو بھی سوپور علاقے میں اسی طرح کی فائرنگ میں زخمی ایک نوجوان کی یہاں ایک ہسپتال میں موت ہو گئی تھی۔بارہمولہ ضلع کے سوپور قصبے میں اتوار کو سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہوئے ٹکراؤ کے دوران زخمی ہوئے مسیب ناگو کی یہاں کل رات ایک ہسپتال میں موت ہو گئی۔اس کے ساتھ ہی موجودہ بدامنی کے دوران مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 73ہو گئی ہے۔تاہم حالات میں بہتری کے بعد پورے سری نگر شہر سے کرفیو ہٹا دیا گیا ہے لیکن کشمیری نوجوان برہان وانی کے جولائی میں مارے جانے کے پیش نظر ہوئے تشدد کے بعد سے مسلسل 60وے دن معمولات زندگی متاثر رہی۔
حکام نے دو دنوں کے بعد شہر کے سات پولیس تھانہ علاقوں سے کرفیو ہٹا دیا، علیحدگی پسندوں کی جانب سے طلب ہڑتال کی وجہ سے عام سرگرمیاں معطل رہیں۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پورے سری نگر شہر سے کرفیو ہٹا لیا گیا ہے اور اس وجہ سے کشمیر کے کسی بھی علاقے میں آج کرفیو لاگو نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالات میں بہتری کے بعد کرفیو خارج کر دیا گیا ہے لیکن قانون نظام کو برقرار رکھنے کے لئے پوری وادی میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لاگو رہے گی۔دکان، کاروباری ادارے اور پٹرول پمپ آج بھی دن میں بند رہے۔علیحدگی پسندوں نے ہفتے کے کچھ دنوں کے لئے ہڑتال میں کمی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت وہ شام میں کھلیں گے۔اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔حکام نے بتایا کہ سرکاری دفاتراور بینکوں میں ملازمین کی موجودگی میں گزشتہ چند دنوں کے مقابلے میں بہتری دیکھنے کو ملی۔عوامی گاڑی اب بھی سڑکوں سے ندارد رہے۔علیحدگی پسندوں نے آٹھ ستمبر تک بند جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے ہفتہ وار کارکردگی پروگرام کے تحت آج خواتین کا پرامن مظاہرہ طلب کیاہے اور آج شام6 بجے سے ہڑتال میں 12گھنٹے کی نرمی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔